جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر قانون سازی ابھی ہو اور اس پر عمل درآمد اگلے انتخابات کے بعد کیا جائے تو کیا یہ قابلِ عمل ہوگا؟ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ ہی وہ فورم ہے جہاں ریفرنڈم سے متعلق فیصلہ اور اس کے سوالات طے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم پر ڈیڑھ ماہ تک مولانا فضل الرحمان سے مشاورت ہوتی رہی، تین جماعتوں کے رہنما ان سے ملاقاتیں کرتے رہے اور ترمیم کی ایک ایک شق پر بحث کے بعد اتفاقِ رائے پیدا کیا گیا۔ ان کے بقول 27ویں آئینی ترمیم میں آئینی عدالت کا قیام 26ویں ترمیم کے نامکمل ایجنڈے کا حصہ تھا۔ حکومت نمبر پورے ہونے کے بعد ہی ترمیم پارلیمنٹ میں لانے کے حق میں ہے، جبکہ 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے تاحال کوئی تیاری یا مشاورت شروع نہیں کی گئی۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کے ذریعے اختیارات وفاق سے صوبوں کو منتقل ہوئے، تاہم صوبوں نے یہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں کیے۔ اصل مسئلہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ہے، جسے چھوٹے انتظامی یونٹس یا مضبوط بلدیاتی نظام کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کی طرز پر صوبائی مالیاتی کمیشن (پی ایف سی) قائم کیا جائے اور فنڈز یونین کونسلز تک پہنچائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں کو آئینی تحفظ ملنے تک انہیں مضبوط بنانا مشکل ہے۔
مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر سکیورٹی کیبن اور جنریٹر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت دہشت گردی جیسے بڑے مسائل کا سامنا ہے، اس لیے توجہ اصل مسائل پر ہونی چاہیے۔ مولانا فضل الرحمان سے اختلافِ رائے ہو تو مکالمے کے ذریعے بات کی جاسکتی ہے۔ اگر آمدورفت میں رکاوٹ ہے تو ان سے کیبن اور جنریٹر ہٹانے کی درخواست کی جاسکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وہ متعدد بار مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ جاچکے ہیں، وزیراعظم اور محسن نقوی بھی وہاں جاتے رہے ہیں، تاہم انہیں کبھی سکیورٹی کیبن یا جنریٹر سے رکاوٹ کا سامنا نہیں ہوا۔ وہ دوبارہ جاکر صورت حال کا جائزہ لیں گے۔
رانا ثنا اللہ کے مطابق کابینہ اجلاس میں وزیراعظم یا کسی دوسرے رکن نے مولانا فضل الرحمان کو جاری کیے گئے نوٹسز پر بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف کا اظہار احترام کے ساتھ ہونا چاہیے اور مولانا فضل الرحمان سے بھی گزارش ہے کہ وہ اپنے جذبات اور غصے پر قابو رکھیں۔ ان کے بقول دونوں جانب احترام برقرار رکھنے کے لیے وزیراعظم کی سطح پر مداخلت کی ضرورت ہے۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے معاملے پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما ملاقاتوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا بند کردیں تو ملاقاتوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوسکتا ہے۔
انہوں نے سلمان صفدر کی ملاقات کے بعد بلڈ پریشر سے متعلق سامنے آنے والی باتوں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو بلڈ پریشر بڑھنے کا کوئی مسئلہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہیں کی جارہی اور ڈاکٹرز جو بھی تجویز کریں گے، اس پر فوری عمل کیا جائے گا۔




