پشاور: نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) پشاور نے خاتون کو آن لائن بلیک میل اور ہراساں کرنے میں ملوث ملزم کو کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر جعلی ٹک ٹاک اکاؤنٹ بنا کر متاثرہ خاتون کی نجی تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کیں، جبکہ واٹس ایپ کے ذریعے خاتون اور ان کے اہل خانہ کو دھمکیاں بھی دیتا رہا۔
کارروائی کے دوران ملزم کا موبائل فون قبضے میں لے لیا گیا، جس سے قابل اعتراض مواد بھی برآمد ہوا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ خواتین کو آن لائن ہراساں کرنے، بلیک میلنگ اور استحصال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔
ادارے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سائبر کرائم سے متعلق شکایات ہیلپ لائن 1799 پر درج کرائیں یا قریبی این سی سی آئی اے سرکل سے رابطہ کریں۔




