سکھر (اسٹاف رپورٹر): بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سکھر نے گیارہویں جماعت (ایچ ایس ایس سی پارٹ ون) کے سالانہ امتحانات 2026ء کے نتائج کا اعلان کردیا۔ چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی چنہ کی منظوری سے نتائج بدھ 11 نومبر کو سہ پہر 3 بجے جاری کیے گئے۔
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق سکھر، خیرپور اور گھوٹکی اضلاع کے تین تعلیمی گروپس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس میں مجموعی طور پر 45 ہزار 177 امیدواروں نے امتحانات میں شرکت کی، جن میں سے 38 ہزار 93 امیدوار کامیاب جبکہ 7 ہزار 84 امیدوار ناکام قرار پائے۔
گروپ وار نتائج کے مطابق پری میڈیکل میں 31 ہزار 278 امیدواروں نے امتحان دیا، جن میں سے 26 ہزار 568 کامیاب اور 4 ہزار 710 ناکام ہوئے۔
پری انجینئرنگ گروپ میں 12 ہزار 992 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے، جن میں سے 10 ہزار 697 کامیاب جبکہ 2 ہزار 295 ناکام قرار پائے۔
اسی طرح کمپیوٹر سائنس گروپ میں 907 امیدواروں نے امتحان دیا، جن میں سے 828 کامیاب اور 79 ناکام ہوئے۔
چیئرمین سکھر بورڈ پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی چنہ نے کامیاب امیدواروں، ان کے والدین، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی کامیابی ان کی محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کی معاونت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ امتحانات اور نتائج کی تیاری کے تمام مراحل میں شفافیت، میرٹ اور درستگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، بارکوڈنگ، اسکیننگ، ڈیجیٹل پروسیسنگ اور ای مارکنگ کے ذریعے امتحانی نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔
چیئرمین بورڈ نے واضح کیا کہ نتائج کی درستگی اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا، جبکہ کسی امیدوار کی جانب سے حقیقی شکایت موصول ہونے پر قواعد و ضوابط کے مطابق اس کا جائزہ لیا جائے گا۔
بورڈ کے مطابق امیدوار اپنے نتائج سکھر بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ www.bisesuksindh.edu.pk پر دیکھ سکتے ہیں، جبکہ مارکس سرٹیفکیٹس 13 نومبر 2026ء سے متعلقہ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کو فراہم کیے جائیں گے۔




