کراچی: مقتول نوجوان میر رضا کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے میر رضا کے پارٹنر احمد بھردے کا نارتھ ناظم آباد میں واقع ریسٹورنٹ سیل کر دیا، جہاں تلاشی کے دوران اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

حکام کے مطابق ریسٹورنٹ سے ملنے والے اسلحے کو فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے، جبکہ ابتدائی طور پر بتایا گیا ہے کہ احمد بھردے کا پستول ذاتی ملکیت ہے۔ جے آئی ٹی نے ریسٹورنٹ کا ریکارڈ بھی تحویل میں لے لیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کیس کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے تاکہ شواہد کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھایا جا سکے۔

جے آئی ٹی میں این سی سی آئی اے بھی شامل

میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی جے آئی ٹی میں ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) شہزاد اکبر کو رکن نامزد کیا گیا ہے۔

این سی سی آئی اے نے جے آئی ٹی میں شمولیت کے لیے محکمہ داخلہ سندھ کو خط ارسال کر دیا ہے۔ ایجنسی تحقیقات میں ڈیجیٹل شواہد کے حصول اور تکنیکی امور میں معاونت فراہم کرے گی۔

موبائل، سوشل میڈیا اور کرپٹو کرنسی ریکارڈ کی جانچ ہوگی

تحقیقات کے دوران موبائل فونز کے ڈیٹا، سوشل میڈیا ریکارڈ اور کرپٹو کرنسی سے متعلق معلومات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

این سی سی آئی اے جدید ڈیجیٹل ذرائع سے شواہد اکٹھے کرنے اور تکنیکی پہلوؤں کی چھان بین میں جے آئی ٹی کی معاونت کرے گی۔