اسلام آباد: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سرمایہ کاروں کو صوبے میں معدنی ذخائر کی تلاش اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان آنے والے تمام سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں، جبکہ سرمایہ کاروں کو سکیورٹی فراہم کرنا ہماری سب سے بڑی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے ون ونڈو آپریشن دیا جائے گا، جبکہ صوبائی حکومت خیبر پختونخوا میں کان کنی کے شعبے کو فروغ دینا چاہتی ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ صوبے میں معدنی ذخائر کی تلاش اور ترقی کیلئے سرمایہ کاری کریں۔




