اسلام آباد میں قومی تعلیمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکمرانوں سے کوئی نہیں پوچھتا کہ وہ دس سے بیس سال کے دوران لاکھوں ایکڑ اراضی کے مالک کیسے بن گئے۔ ان کے بقول، بعض افراد سیاست میں آئے اور آج ملک کے بڑے سرمایہ کار بن چکے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے خلاف مقدمات چلائے گئے اور سزائیں بھی ہوئیں، لیکن وفاداری تبدیل کرنے کے بعد ان کے خلاف تمام معاملات ختم ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت اپنے اقدامات کے ذریعے خود اپنے خلاف نفرت پیدا کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ایسا ماحول بنایا جا رہا ہے جیسے وہ بڑے بدعنوان افراد ہوں، جبکہ کردار کشی کے لیے نوٹس اچھالے جا رہے ہیں۔
جے یو آئی سربراہ نے واضح کیا کہ قوم کو اعتماد میں لیے بغیر صوبوں کے حقوق اور وسائل سے متعلق فیصلے قبول نہیں کیے جائیں گے۔




