اسلام آباد: ملک میں موجودہ چار صوبوں کی جگہ 12 صوبوں پر مشتمل نیا انتظامی ڈھانچہ تشکیل دینے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر اس حوالے سے مطلوبہ آئینی ترامیم آئندہ سال منظور بھی کر لی گئیں تو نئے صوبائی نظام پر عملدرآمد 2029 کے عام انتخابات کے بعد ہی ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ منصوبے کے تحت پنجاب کو چار، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو تین تین جبکہ سندھ کو دو صوبوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح ملک میں صوبوں کی مجموعی تعداد چار سے بڑھ کر 12 ہو جائے گی۔

ذرائع کے مطابق آئینی ترامیم کی منظوری کے باوجود موجودہ صوبائی حکومتیں اور اسمبلیاں اگلے عام انتخابات تک اپنی ذمہ داریاں انجام دیتی رہیں گی، جبکہ نئی انتظامی تقسیم انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد نافذ کی جائے گی۔

تاہم نئے صوبوں کے قیام کی راہ میں متعدد مالیاتی، آئینی اور انتظامی چیلنجز حائل ہیں۔ ان میں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت وسائل کی تقسیم، آبی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور مالی واجبات کا تصفیہ اہم ترین معاملات ہیں۔

این ایف سی ایوارڈ بڑا چیلنج

ذرائع کے مطابق سب سے اہم سوال وفاقی قابلِ تقسیم محاصل میں صوبوں کے حصے کی نئی تقسیم کا ہوگا۔ اس وقت وسائل چار صوبوں کے درمیان طے شدہ فارمولے کے تحت تقسیم کیے جاتے ہیں، تاہم آٹھ نئے صوبوں کے قیام کے بعد موجودہ مالیاتی فارمولے پر نظرثانی کرنا ہوگی۔

آبی وسائل کی تقسیم بھی حساس معاملہ

مجوزہ انتظامی تبدیلی میں پانی کی تقسیم بھی ایک اہم چیلنج بن سکتی ہے۔ بالخصوص ان علاقوں میں یہ معاملہ حساس نوعیت اختیار کر سکتا ہے جہاں پانی کی دستیابی، آبپاشی کی ضروریات اور زراعت پہلے ہی اختلافات کا باعث ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 12 صوبوں کے قیام کے لیے موجودہ صوبوں اور نئی انتظامی اکائیوں کے مالی، معاشی اور آئینی حقوق کے حوالے سے اتفاقِ رائے پیدا کرنا ناگزیر ہوگا۔