کراچی: محمد علی جناح یونیورسٹی (MAJU) کے متاثرہ طلبہ نے اپنے داخلوں کی مکمل بحالی، تعلیمی سرگرمیوں تک رسائی اور مبینہ انتظامی بدعنوانی کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ وہ اپریل 2026 سے اپنے مسائل کے حل کے لیے یونیورسٹی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں، تاہم چھ ماہ گزرنے کے باوجود ان کے تحفظات دور نہیں کیے گئے۔
متاثرہ طلبہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، اپریل میں چار طلبہ کو یونیورسٹی سے خارج کرنے اور ان کے داخلے منسوخ کرنے کی کارروائی کی گئی۔ طلبہ کا دعویٰ ہے کہ انہیں شوکاز نوٹس جاری نہیں کیے گئے اور نہ ہی اپنا دفاع کرنے یا منصفانہ سماعت کا مناسب موقع فراہم کیا گیا۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ بعد ازاں تین طلبہ کو بحال کردیا گیا، تاہم ایک طالب علم کا داخلہ تاحال منسوخ ہے۔ طلبہ کے مطابق بحال ہونے والے دو طلبہ کو بھی کیمپس میں داخلے اور کلاسوں میں شرکت کے حوالے سے پابندیوں کا سامنا ہے، جبکہ مناسب تدریسی سہولیات اور امتحانات کی تیاری کے لیے درکار وقت فراہم کیے بغیر انہیں امتحانات میں شرکت کرنا پڑی۔
متاثرہ طلبہ نے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نوید اختر پر مبینہ طور پر دھمکیاں دینے، ہراساں کرنے اور تعلیمی مستقبل کے حوالے سے دباؤ ڈالنے کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ انہیں تعلیم جاری رکھنے کے بجائے کسی دوسری یونیورسٹی میں داخلہ لینے کا کہا گیا، جبکہ دیگر طلبہ کو داخلے منسوخ کرنے کی دھمکی دے کر حلف ناموں پر دستخط کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق، تازہ ترین واقعے میں طلبہ یونیورسٹی کی ہدایات کے مطابق فیس جمع کرانے اور مضامین میں اندراج کے لیے پہنچے، تاہم انہیں مبینہ طور پر بتایا گیا کہ نوید اختر کی ہدایات پر فیس واؤچرز جاری نہیں کیے جائیں گے۔ طلبہ کا دعویٰ ہے کہ معاملہ آگے بڑھانے کی کوشش پر مزید رکاوٹیں کھڑی کی گئیں اور انہیں دھمکیاں دی گئیں۔
متاثرہ طلبہ نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ چھ ماہ سے مذاکرات، منصفانہ سماعت اور اپنے تعلیمی حقوق کی بحالی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، لیکن انہیں تاحال غیر یقینی صورتِ حال کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ طلبہ کو خوف، دھمکیوں اور انتقامی کارروائیوں کے اندیشے کے بغیر اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کا حق حاصل ہے۔
طلبہ نے محمد علی جناح یونیورسٹی کی انتظامیہ، ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC)، متعلقہ تعلیمی حکام، قانونی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور منصفانہ حل یقینی بنانے میں کردار ادا کیا جائے۔
متاثرہ طلبہ کے مطالباتطلبہ نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ طلبہ کے تعلیمی حقوق مکمل طور پر بحال کیے جائیں، منسوخ شدہ داخلے کی بحالی اور کیمپس، کلاسوں، فیس واؤچرز، مضامین کے اندراج اور دیگر تعلیمی سہولیات تک رسائی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نوید اختر کی ہدایات پر کیے گئے اقدامات کی قانونی حیثیت جانچنے کے لیے غیر جانب دارانہ تحقیقات، متعلقہ شکایات، شوکاز نوٹسز، انکوائری ریکارڈ اور انتظامی احکامات کی نقول فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
طلبہ نے مزید کہا ہے کہ جن طلبہ کی کلاسوں میں شرکت اور امتحانات کی تیاری متاثر ہوئی، انہیں مناسب تعلیمی ریلیف دیا جائے۔ ان کے مطابق دھمکیوں، ہراسانی اور حلف ناموں پر دستخط کے لیے مبینہ دباؤ کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
پریس ریلیز میں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نوید اختر کو عہدے سے ہٹانے، طلبہ کو انتقامی کارروائیوں سے تحفظ فراہم کرنے اور تحریری یقین دہانی دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے پر کسی طالب علم کو مزید دھمکیوں یا تعلیمی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
متاثرہ طلبہ نے واضح کیا ہے کہ انصاف کی فراہمی، تعلیمی حقوق کی بحالی اور ذمہ داران کے احتساب تک ان کی پُرامن اور قانونی جدوجہد جاری رہے گی۔




