سندھ پبلک سروس کمیشن نے بھرتیوں کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں اور موصول ہونے والی شکایات کی تحقیقات کے بعد تین افسران کو ملازمت سے برطرف کردیا، جبکہ ایک دیگر اہلکار کی دو سالانہ انکریمنٹس روکنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔

کمیشن کے اعلامیے کے مطابق چیئرمین سندھ پبلک سروس کمیشن رضوان احمد کی ہدایت پر بھرتیوں کے عمل سے متعلق شکایات اور ریکارڈ کی تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔

برطرف کیے جانے والے افسران میں ڈپٹی ڈائریکٹر ریکروٹمنٹ غلام علی غوری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریکروٹمنٹ سہیل احمد پٹولی اور سپرنٹنڈنٹ منظور احمد قریشی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ریکروٹمنٹ سیکشن کے اسسٹنٹ فضل محمد شاہ کی دو سالانہ انکریمنٹس روکنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق چیئرمین رضوان احمد نے جون 2026 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد میرٹ، شفافیت اور ادارے کی ساکھ کو ترجیحات میں شامل کیا۔ ان کی ہدایت پر کمیشن کے ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور عوام سمیت مختلف اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کی تصدیق کی گئی۔

کمیشن کا کہنا ہے کہ تحقیقات اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد متعلقہ قوانین اور قواعد و ضوابط کے تحت تادیبی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ بھرتیوں کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو متاثر کرنے والے اقدامات برداشت نہیں کیے جائیں گے اور خلاف ورزی کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف عہدے یا منصب سے قطع نظر کارروائی جاری رہے گی۔

سندھ پبلک سروس کمیشن نے عوام اور امیدواروں کو خبردار کیا ہے کہ برطرف کیے گئے افسران اور اہلکاروں کا اب کمیشن سے کوئی تعلق نہیں، اس لیے بھرتیوں اور دیگر سرکاری معاملات کے لیے صرف کمیشن کے مستند سرکاری ذرائع سے رابطہ کیا جائے۔