ایرانی بحریہ کے مطابق آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں ایک اور آئل ٹینکر سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔ ایرانی بحریہ کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹینکر ہفتے کی صبح اپنا ٹریکنگ اور شناختی نظام بند کرکے آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

اس سے قبل ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ بھی دو آئل ٹینکروں کے سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے اور ان میں دھماکوں کے بعد آگ لگنے کی اطلاع دے چکی ہے۔ ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ان جہازوں نے اپنے ریڈار اور مقام معلوم کرنے والے نظام بند کر رکھے تھے اور غیر مجاز راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے تمام بین الاقوامی بحری راستوں سے بارودی سرنگیں صاف کر دی گئی ہیں، جبکہ ایران جہازوں کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرون اور میزائل استعمال کر رہا ہے۔

ایران اور امریکہ کے حکام متعدد مواقع پر آبنائے ہرمز پر اپنا کنٹرول برقرار ہونے کے دعوے کر چکے ہیں۔