دبئی: ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (آئی ایل ٹی 20) کے پانچویں سیزن کے لیے تمام چھ فرنچائزز نے اپنے وائلڈ کارڈ کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد ٹیموں کے اسکواڈز مزید مضبوط ہوگئے ہیں۔
اعلان کے مطابق ابوظہبی نائٹ رائیڈرز نے ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر آندرے رسل، ڈیزرٹ وائپرز نے انگلینڈ کے ٹام کرن، دبئی کیپیٹلز نے سیم بلنگز، گلف جائنٹس نے ویسٹ انڈیز کے اسپنر عقیل حسین، ایم آئی ایمریٹس نے کیرون پولارڈ جبکہ شارجہ واریئرز نے نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بیٹر ٹم سیفرٹ کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
آندرے رسل ابوظہبی نائٹ رائیڈرز کی جانب سے لیگ میں 38 میچز کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے سیزن 4 میں ڈیزرٹ وائپرز کے خلاف اپنا 500واں ٹی 20 وکٹ حاصل کیا تھا۔ وہ ٹی 20 کرکٹ میں 5 ہزار رنز، 500 وکٹیں اور 500 چھکے مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔
ٹام کرن اس سے قبل بھی ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کر چکے ہیں اور لیگ کے افتتاحی سیزن میں ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ وہ گلف جائنٹس کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں اور لیگ میں 16 میچز کے دوران 307 رنز بنانے کے ساتھ 14 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
سیم بلنگز نے سیزن 3 میں دبئی کیپیٹلز کو پہلی مرتبہ آئی ایل ٹی 20 کا چیمپئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ وہ سیزن 5 میں بھی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
عقیل حسین گلف جائنٹس کے بولنگ اٹیک کو مضبوط بنائیں گے۔ وہ لیگ میں ابوظہبی نائٹ رائیڈرز اور ایم آئی ایمریٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے 29 میچز میں 21 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
کیرون پولارڈ سیزن 4 میں ایم آئی ایمریٹس کو فائنل تک پہنچا چکے ہیں جبکہ سیزن 2 میں ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ وہ لیگ میں 35 میچز کے دوران 855 رنز بنا چکے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بیٹر ٹم سیفرٹ بھی شارجہ واریئرز میں دوبارہ شامل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے سیزن 3 میں ٹیم کو پہلی مرتبہ پلے آف مرحلے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
آئی ایل ٹی 20 سیزن 5 کا افتتاحی میچ 21 نومبر بروز ہفتہ دبئی میں ڈیزرٹ وائپرز اور ایم آئی ایمریٹس کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کے ساتھ لیگ کے نئے سیزن کا آغاز ہوگا۔




