دبئی: چین میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ورلڈ چیمپئن شپ آف کرکٹ (WCC) نے ڈونگیوہوئی اسپورٹس کے اشتراک سے آٹھ ٹیموں پر مشتمل فرنچائز بیسڈ لیجنڈز ٹی 20 لیگ شروع کرنے کی تیاری کرلی ہے۔

لیگ کا افتتاحی ایڈیشن مئی 2027 میں شیڈول ہے، جس میں کرکٹ کے نامور سابق بین الاقوامی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ منتظمین کے مطابق یہ چین میں اپنی نوعیت کا پہلا بڑا فرنچائز کرکٹ مقابلہ ہوگا، جس کا مقصد ملک میں کھیل کو مقبول بنانا اور نئے شائقین کو کرکٹ سے متعارف کرانا ہے۔

اس منصوبے کی بنیاد اکتوبر 2026 میں ڈبلیو سی سی اور ڈونگیوہوئی اسپورٹس کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے ذریعے رکھی گئی۔ معاہدے پر ڈبلیو سی سی کے چیئرمین پروین شرما اور ڈونگیوہوئی اسپورٹس کے چیئرمین یونگ ہوئی ٹونگ نے دستخط کیے۔

ڈبلیو سی سی کے چیئرمین پروین شرما کا کہنا ہے کہ چین کرکٹ کے مستقبل میں ترقی کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ ڈونگیوہوئی اسپورٹس کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے عالمی معیار کا کرکٹ ایونٹ منعقد کرنے اور نئی نسل کو اس کھیل کی جانب راغب کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ڈبلیو سی سی کے بانی اماندیپ سنگھ کے مطابق چین میں لیگ کا انعقاد ان کا دیرینہ مقصد تھا، جبکہ اس منصوبے سے چینی شائقین کو عالمی کرکٹ کے معروف سابق کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔

ڈونگیوہوئی اسپورٹس کے چیئرمین یونگ ہوئی ٹونگ نے کہا کہ ان کا مقصد چین کو بڑے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی منزل بنانا اور شاکسی ٹاؤن کرکٹ سینٹر کو ملک میں کرکٹ کا اہم مرکز بنانا ہے۔

منصوبے کے تحت چین کے ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو بھی عالمی سطح کے تجربہ کار کھلاڑیوں سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔ اس کے علاوہ فرنچائز کی ملکیت، اسٹریٹجک شراکت داری اور سرمایہ کاری کے ذریعے نجی سرمایہ کاروں کے لیے بھی مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ ڈبلیو سی سی کے منتظمین ورلڈ ٹینس لیگ، اسٹارز گالف لیگ اور ورلڈ پیڈل لیگ جیسے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں سے بھی وابستہ ہیں۔