واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے تینوں ممالک کی قیادت کو مبارکباد دی ہے۔

ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ یہ دیکھ کر بہت خوش ہیں کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان نے بالآخر مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ یہ معاہدہ اس بات کی علامت ہے کہ مشرقِ وسطیٰ متحد ہو رہا ہے اور ممالک اب زیادہ مؤثر انداز میں اپنا دفاع کرنے کے قابل ہوں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے معاہدے کو ’’بڑا، جرات مندانہ اور اہم پہلا قدم‘‘ قرار دیا۔

واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ 7 اگست کو مکہ مکرمہ میں طے پایا تھا۔ معاہدے کے تحت تینوں ممالک میں سے کسی ایک کے خلاف حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

معاہدے پر وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے دستخط کیے تھے۔

پاکستانی دفتر خارجہ بھی واضح کر چکا ہے کہ معاہدہ امن و سلامتی کے حوالے سے صرف تین ممالک تک محدود نہیں، جس سے مستقبل میں اس کے دائرہ کار میں توسیع کے امکانات بھی ظاہر ہوتے ہیں