کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر تحریک انصاف نے دہشتگردی کے خلاف وفاق کا ساتھ نہ دیا تو خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کی طرف جانا پڑ سکتا ہے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہر دوسرے دن دہشتگردی کے واقعات پیش آرہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی توجہ سیاست پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ صوبے میں ایمرجنسی لگا کر دہشتگردی کا مقابلہ کرنا پڑے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج بڑی حد تک کامیاب ہوچکا ہے اور اسلام آباد گزشتہ 10 دن سے بند پڑا ہے، اس لیے اب تحریک انصاف کو لانگ مارچ ختم کرکے معاملات کا سیاسی حل تلاش کرنا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ سیاسی بحران کو قومی مفاد سے الگ رکھا جائے اور دہشتگردی جیسے اہم قومی مسئلے پر ریاست اور وفاق کے ساتھ تعاون کیا جائے۔