تھرپارکر: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تھر میں جو تبدیلی دیکھی ہے وہ پورے پاکستان میں نظر نہیں آتی، اگر اسلام آباد ناکام ہوگیا ہے تو اسے تھر والوں کے حوالے کردیا جائے۔

تھرکول فیز تھری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ماضی میں اسلام آباد کے ماہرین تھر کے کوئلے کو بے کار قرار دیتے تھے، تاہم تھر بلاک ٹو میں بجلی کی پیداوار 600 میگاواٹ سے بڑھ کر 2 ہزار میگاواٹ ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھر میں ہر شعبے میں ترقی ہوئی، یہاں کے بچے امتحانات میں ٹاپ کر رہے ہیں جبکہ تھر کے کوئلے کے باعث ملک کو 1.6 ارب ڈالر کا زرمبادلہ بچانے میں مدد مل رہی ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اگر سسٹم کی ناکامی کی بنیاد پر نئے صوبوں کی بات کی جاتی ہے تو اسلام آباد کو تھر کے حوالے کردیا جائے، ہم اسلام آباد کے بچوں کو ٹاپ کرائیں گے اور اسپتال بھی بہتر کردیں گے۔