خیرپور/سکھر: ریاستِ خیرپور کے آخری والی، ہز ہائنس میر علی مراد خان تالپور دوم 93 برس کی عمر میں سکھر کے ایک نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔

میر علی مراد خان تالپور 19 جون 1933 کو لندن میں پیدا ہوئے اور کیمبرج سے تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے ریاستِ خیرپور کے حکمران کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، جبکہ 1955 میں ریاستِ خیرپور پاکستان میں ضم ہوگئی۔

میر علی مراد خان تالپور علم دوست اور تعلیم پرور شخصیت کے طور پر بھی جانے جاتے تھے۔ گمبٹ میں ’’مراد ہائی اسکول‘‘ سے ان کی وابستگی علاقے کی تعلیمی تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔ اس ادارے نے کئی نسلوں کو علم کی روشنی سے منور کیا اور علاقے میں تعلیم و شعور کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔

میر علی مراد خان تالپور کے انتقال پر خیرپور اور گمبٹ سمیت مختلف علاقوں میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ ان کی علمی، تعلیمی اور سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

اِنّا لِلّٰهِ وَاِنّا اِلَيْهِ رَاجِعُونَ