راولپنڈی: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر ملیحہ سحر کی درخواست پر ویمن پولیس نے ان کے شوہر کے خلاف مبینہ گھریلو تشدد کا مقدمہ درج کرلیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملیحہ سحر نے الزام عائد کیا کہ وہ کئی ماہ سے جسمانی اور ذہنی تشدد کا سامنا کر رہی تھیں۔ ان کے مطابق 2 اکتوبر کو شوہر نے مبینہ طور پر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، موبائل فون چھین لیا اور کئی گھنٹوں تک کمرے میں بند رکھا۔
خاتون افسر نے شوہر پر دھمکیاں دینے، اہل خانہ اور بچوں سے رابطے اور پولیس سے مدد لینے سے روکنے کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم جواد علی کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔




