اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے خیبرپختونخوا حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ صوبائی حکومت کی پالیسی دہشتگردوں کو آگے بڑھانے اور انہیں مزید جگہ دینے کی ہے۔

نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان یقینی بنانا صوبائی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ وفاقی حکومت متعدد بار دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے پر زور دے چکی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبے میں دہشتگردی کے واقعات کے باوجود وزیراعلیٰ کی ترجیح سیاسی معاملات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت دہشتگرد تنظیموں کی مذمت نہیں کرتی اور ایپکس کمیٹی کے اجلاس بھی نہیں بلائے جا رہے۔

عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ وفاق کی جانب سے خیبرپختونخوا کو این ایف سی کے تحت 700 ارب روپے سے زائد مل چکے ہیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت پر دہشتگردی کے خلاف کارروائی میں سنجیدگی نہ دکھانے کا الزام بھی عائد کیا۔