لندن: مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگی اور سیاسی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 1.90 ڈالر اضافے کے بعد 91.50 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
عالمی مارکیٹ میں امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت بھی 1.57 ڈالر اضافے کے بعد 85.30 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے مربن خام تیل کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو تقریباً 7 فیصد بڑھ کر 95 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کے امکانات کم ہونے کے بعد سرمایہ کاروں میں خطے سے تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں قیمتوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور خلیجی سپلائی روٹس سے متعلق خدشات برقرار رہے تو آنے والے دنوں میں عالمی توانائی مارکیٹ میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھا جا سکتا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ عبوری امن معاہدے میں توسیع نہ کرنے کے بیان کے بعد دونوں ممالک کے درمیان نئے معاہدے کے امکانات بھی متاثر ہوئے ہیں۔




