اسلام آباد: پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا ہے کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت 2025 میں 8 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی۔

نیٹلی بیکر نے 11 اور 12 اگست کو لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، مشیر علی ڈار، کاروباری رہنماؤں اور ٹیکنالوجی ماہرین سے ملاقاتیں کیں۔

امریکی سفارتخانے کے مطابق ملاقاتوں میں مصنوعی ذہانت (اے آئی)، اعلیٰ تعلیم، اختراع، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی ناظم الامور کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے نجی شعبے، جامعات، اختراع کاروں اور حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ٹیکنالوجی شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے، دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، مصنوعی ذہانت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں تعاون مزید بڑھا سکتے ہیں۔

نیٹلی بیکر کے مطابق سافٹ ویئر، ڈیجیٹل سروسز اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون کے نمایاں مواقع موجود ہیں، جبکہ امریکی تعلیمی مہارت پاکستانی طلبہ کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے اور دونوں ممالک کے معاشی تعلقات مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔