نیویارک: پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشنز کو درپیش مالی اور آپریشنل چیلنجز کے تناظر میں مطالبہ کیا ہے کہ ان کے بجٹ میں کٹوتی کرنے کے بجائے اصلاحات اور معاونت کے ذریعے ان کی استعداد کار بہتر بنائی جائے، کیونکہ امن مشنز عالمی امن و سلامتی کے لیے ایک ناگزیر اور کم لاگت مؤثر ذریعہ ہیں۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سید حیدر شاہ نے جنرل اسمبلی کی چوتھی کمیٹی (خصوصی سیاسی اور غیر نوآبادیاتی امور) سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی امن و سلامتی برقرار رکھنے کے لیے اقوام متحدہ کے امن مشنز انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ امن کارروائیوں میں اصلاحات کی ضرورت ہے، تاہم ان اصلاحات کو ایک واضح اسٹریٹجک مقصد کے تحت آگے بڑھانا چاہیے تاکہ اقوام متحدہ کی آپریشنل صلاحیت برقرار رہے۔
سید حیدر شاہ کا کہنا تھا کہ مستقبل میں جنگ بندی، سیاسی تصفیے یا ابھرتے ہوئے بحرانوں کی صورت میں اقوام متحدہ کے پاس قابل اعتماد بین الاقوامی موجودگی تعینات کرنے کی صلاحیت ہونی چاہیے۔
پاکستانی مندوب نے امن مشنز کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد پاکستانی امن اہلکار اقوام متحدہ کے جھنڈے تلے مختلف مشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں، جن میں سے 183 اہلکاروں نے عالمی امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے بھارت و پاکستان (UNMOGIP) کا میزبان بھی ہے، جو متنازع جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول کی نگرانی کرتا ہے۔
سید حیدر شاہ نے کہا کہ امن کارروائیوں کو بڑھتے ہوئے سیاسی، آپریشنل اور مالی دباؤ کا سامنا ہے، تاہم ان کی اہمیت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ علاقائی انتظامات اور عارضی آپریشنز کی جانب بڑھتا ہوا رجحان بھی زمینی سطح پر اقوام متحدہ کے قابل اعتماد امن مشنز کی مسلسل ضرورت کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ جب حالات تقاضا کریں تو سلامتی کونسل میں امن مشنز کو استعمال کرنے کے لیے سیاسی عزم موجود ہونا چاہیے۔
پاکستانی مندوب نے امن کارروائیوں کو مؤثر بنانے کے لیے سیاسی حل کو ترجیح دینے، واضح اور مناسب وسائل سے ہم آہنگ مینڈیٹ، امن اہلکاروں کی حفاظت، مستقبل کی فوجی اور پولیس ضروریات کی تیاری اور امن اہلکاروں کے خلاف جرائم پر احتساب یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیاسی، امن سازی کے امور اور امن کارروائیوں کے محکموں کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل محمد خالد خیاری نے بھی امن مشنز کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ امن اہلکار اپنے گھروں سے دور اور ذاتی خطرات کے باوجود مذاکرات کے عمل کو جاری رکھتے اور شہریوں کو تشدد سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ اور امن مشنز کی مؤثر کارکردگی کے لیے انہیں مناسب مالی وسائل فراہم کرنا ضروری ہے اور رکن ممالک کو اپنے مالی حصے کی ادائیگی مکمل کرنی چاہیے۔
محمد خالد خیاری کے مطابق اخراجات میں 15 فیصد کمی کے باعث امن مشنز سے 13 ہزار 296 فوجی اور ایک ہزار 212 پولیس اہلکار واپس بھیجے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ اقوام متحدہ کے امن مشنز کو وسیع پیمانے پر حمایت حاصل ہے، تاہم مسلسل سیاسی حمایت برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود اقوام متحدہ کے امن مشنز کمزور طبقات کے تحفظ اور عالمی امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔




