(کراچی ڈیسک) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران خطے میں مشترکہ سکیورٹی سے متعلق چین کی تجویز کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے مشترکہ سکیورٹی اپنانے پر زور دینا اسی اصول کی عکاسی ہے جس کی ایران طویل عرصے سے وکالت کرتا آ رہا ہے۔ علاقائی ممالک کو چاہیے کہ وہ اپنے مستقبل کو اپنے ہاتھوں میں لیں۔

محمد باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ حقیقی استحکام اسی وقت ممکن ہے جب خطے میں نیا سکیورٹی ڈھانچہ تشکیل پائے، جس کی بنیاد اسی خطے میں ہو، اور ایران اس مقصد کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ تہران ہمیشہ علاقائی ممالک پر زور دیتا رہا ہے کہ وہ خطے سے باہر کی طاقتوں پر انحصار کم کریں اور باہمی تعاون کے ذریعے سکیورٹی انتظامات تشکیل دیں۔

واضح رہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے بھی مشرقِ وسطیٰ میں نئے سکیورٹی ڈھانچے کے قیام کے لیے چار نکاتی حکمتِ عملی پر زور دیا ہے، جس میں مشترکہ، جامع، تعاون پر مبنی اور دیرپا سکیورٹی کا تصور پیش کیا گیا ہے۔