کراچی(رپورٹ شھزاد جلبانی): سندھ کے وزیرِ بلدیات و ترقیات سید ناصر حسین شاہ نے کراچی کے علاقے حجرت کالونی میں بحال کی گئی ڈسپنسری کا افتتاح کیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر نجمی عالم، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بھی شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترقیاتی وژن کے تحت حجرت کالونی کے عوام کو صحت کی بہتر سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے منصوبے کی تکمیل پر متعلقہ ٹیم اور تمام افراد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت مشکلات کے باوجود عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے سندھ کی تقسیم سے متعلق جاری بحث پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تقسیم کا مطالبہ نہ صرف غیر مناسب بلکہ نفرت کی سیاست کو فروغ دینے کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مطالبے کو خود اس کی حمایت کرنے والی جماعت کے بعض رہنما بھی غلط قرار دے چکے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کو تقسیم کرنے کے بجائے صوبے کے حقیقی مسائل کے حل پر توجہ دی جانی چاہیے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی "منی پاکستان" ہے جہاں لوگ صرف گھومنے نہیں بلکہ مستقل رہائش اختیار کرنے آتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر کراچی تباہ حال شہر ہوتا تو لوگ یہاں آباد ہونے کا رخ نہ کرتے۔ ان کے مطابق ایک وقت تھا جب کراچی جرائم کی فہرست میں نمایاں تھا، تاہم آج شہر میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں میں ناانصافی کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پورٹ سٹی ہونے کے باوجود سندھ کو موٹرویز اور دیگر بڑے منصوبوں میں نظر انداز کیا جاتا ہے، جبکہ وفاق میں موجود بعض جماعتوں کے رہنما اس معاملے پر آواز بھی نہیں اٹھاتے۔
آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ انتخابات میں کامیاب ہونے والوں کی پشت پناہی سب جانتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے انتخابی مہم ختم ہونے کے بعد بھی تقاریر کرکے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔
پیپلزپارٹی کی سیاسی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے 2008، 2013، 2018 اور 2024 کے انتخابات میں پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا اور آئندہ 2029 کے انتخابات میں بھی پیپلزپارٹی مزید نشستیں حاصل کرے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مستقبل میں پاکستان کے وزیراعظم بنیں گے۔
سرکاری ملازمتوں کے حوالے سے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بھرتیوں میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے انٹرویوز کیے جاتے ہیں اور اگر کسی بھی سطح پر میرٹ کی خلاف ورزی سامنے آئی تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
بارشوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ ماضی میں کراچی معمولی بارش پر ڈوب جاتا تھا، تاہم اب زیادہ بارش کے باوجود پانی زیادہ دیر تک نہیں رکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر صوبوں میں بارشوں کے بعد کی صورتحال بھی سب کے سامنے ہے، لیکن سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی کو غیر معمولی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل کو اجاگر کرنا مثبت عمل ہے کیونکہ اس سے حکومت کو مزید بہتر انداز میں کام کرنے کا موقع ملتا ہے۔
پانی کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا اصل تنازع بھارت کے ساتھ دریائی پانی کا ہے، جبکہ انہوں نے یاد دلایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو "گجرات کا قصائی" قرار دیا تھا۔




