ممبئی: بالی وڈ اداکارہ کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل نے پہلی بار اپنے بیٹے ویہان کا چہرہ دنیا کو دکھا دیا، جس کے بعد ان کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

اسٹار جوڑی نے دیوالی کے موقع پر سوشل میڈیا پر مداحوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے بیٹے کی تصویر بھی شیئر کی۔ یہ پہلا موقع ہے جب دونوں نے اپنے بیٹے کا چہرہ عوام کے سامنے دکھایا ہے۔

تصویر میں کترینہ کیف پیلے رنگ کے لباس جبکہ وکی کوشل سفید شلوار قمیض میں نظر آئے۔ دونوں نے اپنے بیٹے کو بھی پیلے اور سفید رنگ کا لباس پہنایا ہوا تھا۔

کترینہ کیف نے اپنی پوسٹ میں بیٹے کا نام ویہان بتاتے ہوئے اپنی اور وکی کوشل کی جانب سے مداحوں کو دیوالی کی مبارک باد دی۔

تصویر سامنے آنے کے بعد شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے جوڑی کو مبارک باد دینے اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل نے 9 دسمبر 2021 کو بھارتی ریاست راجستھان کے ایک ریزورٹ میں نجی تقریب کے دوران شادی کی تھی، جس میں دونوں کے اہل خانہ اور قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔