نئی دہلی: برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر گفتگو کرتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے، تنازعات کے خاتمے اور علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے جاری کوششوں کی حمایت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ تعاون کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے عوام کی خوشحالی اور پائیدار ترقی کے مواقع بڑھانے کے لیے سفارتی اور تعمیری کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔




