واشنگٹن: امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی کوششیں مزید تیز کردی ہیں، جبکہ ایران کے خلاف مالیاتی دباؤ بڑھانے کیلئے مختلف اقدامات پر غور جاری ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ امریکا رواں ہفتے ایران کے ایک اور بینک پر پابندیاں عائد کرسکتا ہے۔ ان کے مطابق ضرورت پڑنے پر ایران کے خلاف امریکی مالیاتی طاقت کا استعمال بھی کیا جائے گا۔

امریکی وزیر خزانہ نے کہا کہ گروپ 20 کے آئندہ اجلاس میں چینی حکام سے ایران کے ساتھ تجارت کے معاملے پر بات چیت کی جائے گی۔

سکاٹ بیسنٹ کے مطابق ایران کے خلاف معاشی دباؤ بڑھانے کیلئے چین پر پابندیوں سمیت تمام آپشنز زیر غور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین ایران کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور ایرانی تیل کا اہم خریدار ہے۔

امریکی وزیر خزانہ کے بیان سے ایران کے خلاف واشنگٹن کی نئی معاشی حکمت عملی اور چین کے ساتھ تجارتی معاملات پر ممکنہ دباؤ کے امکانات نمایاں ہوگئے ہیں۔