استنبول: پاکستان، ترکیے اور سعودی عرب کے مشترکہ مکہ دفاعی معاہدے کی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج استنبول میں ہوگا، جس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ دفاعی و عسکری حکام شرکت کریں گے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سرکاری دورے پر ترکیے پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کریں گے، جبکہ ترکیے اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ و دفاع سمیت چیفس آف جنرل اسٹاف بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
اجلاس کے ایجنڈے میں بین الاقوامی سلامتی کے امور سرفہرست ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق دفاعی صلاحیتوں میں اضافے، مسلح افواج کے درمیان رابطہ و ہم آہنگی، دفاعی صنعت میں مشترکہ پیداوار اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی غور کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیے کی اسٹریٹجک شراکت داری مشترکہ خوش حالی اور سکیورٹی کی ضامن ہے۔ ان کے مطابق مکہ دفاعی معاہدہ پاکستان، ترکیے اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ دفاعی قوت بڑھانے کی راہ ہموار کرے گا۔




