کراچی: مرحوم شوہر کی پنشن حاصل کرنے کے لیے ریکارڈ میں مردہ قرار دی گئی بیوہ خاتون اپنی زندگی کا ثبوت لے کر سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئی۔

سندھ ہائیکورٹ میں صفیہ خاتون کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اسے سرکاری ریکارڈ میں مردہ ظاہر کرکے اس کے مرحوم شوہر کی پنشن دوسری خاتون کو دلوائی جا رہی ہے۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کے شوہر کا انتقال ہوچکا ہے اور ان کی تین شادیاں تھیں۔ نادرا اور یونین کونسل کے ریکارڈ میں صفیہ بیگم کو متوفی ظاہر کیا گیا، جس کے بعد پنشن مرحوم کی پہلی بیوی کو جاری کی جا رہی ہے۔

نادرا کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ آن لائن ریکارڈ کی تصدیق یونین کونسل کے ریکارڈ کی بنیاد پر کی جاتی ہے اور اسی ریکارڈ کے مطابق خاتون کے انتقال کی تصدیق کی گئی۔

عدالت نے معاملے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین یونین کونسل صالح محمد کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ پولیس کو حکم دیا گیا کہ چیئرمین یونین کونسل کو آئندہ سماعت پر ہر صورت عدالت میں پیش کیا جائے۔

سندھ ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کردی۔