کراچی: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملک کو موجودہ انتظامی نظام کے تحت نہیں چلایا جاسکتا، مسائل کے حل کے لیے نئے انتظامی یونٹس کا قیام اور بلدیاتی نظام کو بااختیار بنانا ناگزیر ہے۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ محسن نقوی کے بیان کی ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی تائید کی تھی، اگر پیپلز پارٹی میں ہمت ہے تو وہ ڈی جی آئی ایس پی آر یا محسن نقوی کے خلاف بیان دے۔
انہوں نے کہا کہ تین سال قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر کراچی آئے تھے تو انہوں نے بھی پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس کو ناگزیر قرار دیا تھا، اب یہ بات طے ہوچکی ہے کہ ملک کو موجودہ نظام کے تحت نہیں چلایا جاسکتا۔
وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ صورتحال اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ ملک کو بچانا ہے یا کسی جماعت کی ناراضی کی پروا کرنی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج ملک کے مسائل کے حل کا ایک ہی فارمولا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس قائم کیے جائیں اور بلدیاتی نظام کو مکمل طور پر بااختیار بنایا جائے۔




