اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی فاروق ستار نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بڑے صوبوں سے پاکستان کو ترقی اور استحکام نہیں مل سکتا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد سے ملک میں اسٹیٹس کو اور جمود برقرار ہے، اب فیصلہ ساز اداروں میں بھی نئے صوبوں کے قیام کی بات ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں نئے صوبوں کی ضرورت ہے وہاں ریفرنڈم کرایا جائے، جبکہ آئین کے آرٹیکل 239 میں دو تہائی اکثریت سے ترمیم ممکن ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ اگر آئین کی کوئی شق نئے صوبوں کے قیام میں رکاوٹ ہے تو اسے دور کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ صرف چار صوبوں کی اجارہ داری سے پاکستان مزید نہیں چل سکتا، ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام پر سنجیدگی سے غور ضروری ہے۔