اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کو اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔

وزیراعظم سے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ملاقات کی، جس میں ایندھن کی قیمتوں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے وزیر پیٹرولیم کو فوری طور پر کراچی پہنچنے اور مقامی آئل ریفائنریز سے مذاکرات کرنے کی ہدایت کی، تاکہ مقامی طور پر تیار ہونے والے ڈیزل کی قیمت میں کمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جاسکیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈیزل کی بڑی مقدار مقامی ریفائنریز میں تیار ہوتی ہے، اس لیے عوام کو قیمتوں میں کمی کا فائدہ پہنچانے کے لیے ریفائنریز سے مذاکرات جلد مکمل کیے جائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پیٹرولیم مصنوعات، بالخصوص ڈیزل کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک پہنچایا جائے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔