اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو نجی اسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کردی۔

درخواست چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے توسط سے دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو عبوری حکم جاری کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو شفا اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی، تاہم یہ حکم عدالت کے اختیار سماعت سے تجاوز ہے، جس پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز عمران خان کو نجی اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف نے عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی عدالتی حکم کا پاس رکھے گی اور عمران خان کی سیاست کے معاملے پر کسی قسم کی سیاست نہیں کی جائے گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پہلے ہی عندیہ دیا تھا کہ حکومت عمران خان کی نجی اسپتال منتقلی کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کرے گی تاکہ بانی پی ٹی آئی کا سرکاری اسپتال میں طبی معائنہ کرایا جاسکے۔