اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تحریک انصاف کے ردعمل کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

خواجہ آصف نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ تحریک انصاف کی اپنے قائد کے لیے این آر او حاصل کرنے کی خواہش اب نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے جشن سے اس شدید خواہش کی عکاسی ہوتی ہے کہ کسی طرح اس کے قائد کو جیل سے نکالا جائے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ماضی میں دیگر سیاست دانوں کی جیل میں زندگی مزید سخت بنانے کے مطالبات کیا کرتے تھے، تاہم آج صورتحال یہ ہے کہ ان کی جماعت انہیں جیل سے اسپتال منتقل کرانے کے لیے فریاد کرتی نظر آ رہی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر خوشیاں منانے سے پہلے پی ٹی آئی کو اپنے بیانیے کے واضح تضادات کا جواب دینا چاہیے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اگلی سماعت تک شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا ہے اور ان کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔