کراچی: نوجوان تاجر میر رضا قتل کیس میں ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف سٹی کورٹ میں وکلا کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر مقتول کے والد میر حسین نے سندھ حکومت اور پولیس کی تحقیقات پر سنگین سوالات اٹھا دیے۔

میر حسین نے الزام عائد کیا کہ کیس کی تحقیقات میں سندھ حکومت کی جانب سے ٹیمپرنگ نظر آرہی ہے اور ڈاکٹر اسامہ کو مبینہ طور پر اس لیے فارغ کیا گیا تاکہ وہ کیس سے متعلق سوالات کے جوابات نہ دے سکیں۔

مقتول کے والد کا کہنا تھا کہ کس کے دباؤ میں صرف تصاویر کی بنیاد پر پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار کی گئی؟ انہوں نے تحقیقات کے طریقہ کار پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔

میر حسین نے مزید کہا کہ میرے بیٹے کے قتل کیس میں پولیس کی نااہلی سب کے سامنے آچکی ہے، جبکہ ملزمان کی تاحال گرفتاری نہ ہونا بھی تشویش ناک ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ میر رضا قتل کیس کی تحقیقات شفاف انداز میں کی جائیں اور ذمہ دار ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔