کراچی: پاکستان میں سمندر کنارے نئے ہائیڈروکاربن پلے، یعنی اعلیٰ معیار کی گیس، کی پہلی کامیاب دریافت کرلی گئی۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے مطابق سندھ کے ضلع سجاول میں واقع آپریٹڈ سرانی بلاک کے دریافتی کنویں ڈولفن سے گیس کی اہم اور منفرد دریافت ہوئی ہے۔
پی پی ایل کا کہنا ہے کہ یہ جراسک دور کی لوئر انڈس بیسن کی چلتن فارمیشن سے ہائیڈروکاربن کی پہلی دریافت ہے، جس سے ملک میں تیل و گیس کی تلاش کے نئے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
کمپنی کے مطابق اس دریافت سے علاقے میں پیٹرولیم سسٹم کی موجودگی ثابت ہوگئی ہے، جبکہ خشکی کے دلدلی علاقوں اور ممکنہ کم گہرے سمندری توسیعی علاقوں میں ایک نئی ایکسپلوریشن فرنٹیئر کھل گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ دریافت پاکستان کے توانائی کے شعبے کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوسکتی ہے اور مستقبل میں ملک میں گیس کے مزید ذخائر کی تلاش کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔




