اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عمل درآمد کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے ہنرمند اور باصلاحیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہر ماہ منعقد کیا جائے گا تاکہ پالیسی پر عمل درآمد کو مؤثر بنایا جاسکے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اجرا حکومت کی مخلصانہ کاوشوں کا عکاس ہے، جبکہ پالیسی کے اہداف کے حصول کے لیے بین الوزارتی تعاون اور جامع حکمت عملی ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے نوجوانوں، بالخصوص خواتین کو ہنرمند بنانے اور روزگار کے نئے مواقع میں ان کی شمولیت یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو بھی روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات پر زور دیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) نوجوانوں کو بین الاقوامی سرٹیفیکیشن اور مطلوبہ زبانوں کی مہارت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ بیرونِ ملک روزگار کے لیے نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کی طلب کے مطابق تربیت دی جا رہی ہے۔

حکومتی اقدامات کے تحت ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے نوجوانوں کو پاکستان اور بیرونِ ملک دستیاب روزگار کے مواقع کی معلومات ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کی جا رہی ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ تعلیمی اداروں میں یوتھ ڈویلپمنٹ سیلز قائم کیے جا رہے ہیں، جو نوجوانوں کو کیریئر کاؤنسلنگ، روزگار اور ہنرمندی کے مواقع سے آگاہ کریں گے۔

وزیراعظم نے نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی سے نوجوانوں کو حاصل ہونے والے فوائد کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں متعلقہ وفاقی وزرا، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔