کراچی: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور لیوی میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی آج ملک بھر میں احتجاجی دھرنے دے گی۔ کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں احتجاج کا آغاز سہ پہر ساڑھے 3 بجے ہوگا۔
لاہور میں جماعت اسلامی کے کارکنوں کو مسجد شہدا پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ جماعت کی قیادت اور مظاہرین شام 6 بجے وزرائے اعلیٰ ہاؤسز کے سامنے دھرنا دیں گے۔
جماعت اسلامی نے گزشتہ ہفتے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور لیوی میں مسلسل اضافے کے خلاف ملک بھر میں 500 سے زائد مقامات پر احتجاج کیا تھا، تاہم جشن آزادی کی تقریبات کے باعث دھرنے مؤخر کرکے 16 اگست کو احتجاج کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
جماعت اسلامی کے احتجاج کے پیش نظر صوبائی ہیڈکوارٹرز میں مظاہرین کو روکنے کے لیے بھی سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات کیے گئے ہیں




