کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے نواز شریف اور مریم نواز کے بیانات پر ردِعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن پر شدید تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات کے نتائج تاریخ میں ’’فارم 47 پلس‘‘ کے نام سے یاد رکھے جائیں گے۔
شرجیل میمن نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ ن نے ایک بار پھر تاریخی دھاندلی کے ذریعے خیراتی مینڈیٹ حاصل کیا، جبکہ عوام نے 2024 کی طرح 2026 میں بھی مسلم لیگ ن کو مسترد کیا۔
انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے غیرقانونی حکومت تو بنائی جا سکتی ہے، لیکن عوام میں مقبولیت اور حقیقی عوامی حمایت حاصل نہیں کی جا سکتی۔
سندھ کے سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو پیپلز پارٹی سے شکوہ کرنے سے پہلے یہ دیکھنا چاہیے کہ آزاد کشمیر میں موجودہ حالات کس طرح پیدا ہوئے۔
انہوں نے مریم نواز کی جانب سے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات کا موازنہ بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جہاں عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کیا، وہیں انتخابی عمل پر تحفظات کی صورت میں اپنا مؤقف بھی واضح کیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر دھاندلی یا عوامی مینڈیٹ پر اثرانداز ہونے کو قبول نہیں کیا جا سکتا، جبکہ انتخابی عمل پر سنجیدہ سوالات اٹھیں تو انہیں شفاف اور غیر جانب دار طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔




