تفصیلات کے مطابق آج ڈپٹی کمشنر آفس شکارپور میں پولیو کے خاتمے کے لیے آگاہی مہم کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر شکارپور شکیل احمد ابڑو نے کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شکارپور شکیل احمد ابڑو نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے آئندہ مہم 8 اگست سے 18 اگست 2026ء تک جاری رہے گی، جس دوران 4 ماہ سے 10 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو بوسٹر ڈوز اور اورل پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع شکارپور کی 21 یونین کونسلز میں پولیو ویکسینیشن مہم چلائی جائے گی، جن میں گڑھی یاسین کی 4، خانپور کی 8، لکی غلام شاہ کی 5 اور شکارپور کی 4 یونین کونسلز شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس مرتبہ پولیو مہم پہلے سے کچھ مختلف طریقہ کار کے تحت چلائی جائے گی۔ اسکولوں، صحت مراکز اور دیہات میں مختلف کیمپ قائم کیے جائیں گے، جبکہ سوشل ورکرز کے ذریعے بچوں کو ان مراکز تک لایا جائے گا، جہاں انہیں پولیو ویکسین کے ساتھ ساتھ دو قطرے بھی پلائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم بچوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے انتہائی اہم ہے اور 4 ماہ سے 10 سال تک کی عمر کے بچوں کو اس سے مستفید کیا جائے گا۔ انہوں نے والدین کو ہدایت کی کہ بچوں کو گندے پانی کے قریب نہ جانے دیں اور دیہی علاقوں میں کھڈوں یا گندے پانی کے استعمال سے روکیں، کیونکہ یہ پانی اکثر نکاسی آب کے پانی سے آلودہ ہوتا ہے، جس کے باعث بچوں کو مختلف بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر شکارپور نے ضلع کی تمام 21 یونین کونسلز میں موجود سرکاری اور نجی اسکولوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بچوں کی حاضری یقینی بنائی جائے، تاکہ 10 سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو بوسٹر ڈوز لگانے میں آسانی ہو۔ انہوں نے عوام اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ بھرپور آگاہی پیدا کریں اور والدین کو ترغیب دیں کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو بوسٹر ڈوز اور قطرے ضرور پلائیں، تاکہ کوئی بچہ اس خطرناک بیماری کا شکار نہ ہو اور پوری زندگی معذوری سے محفوظ رہ سکے۔ شکیل احمد ابڑو نے کہا کہ پولیو بوسٹر مہم کو ہم سب مل کر 100 فیصد کامیاب بنائیں گے اور ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ 10 سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو بوسٹر ڈوز ضرور لگائی جائے اور پولیو سے بچاؤ کے دو قطرے لازمی پلائے جائیں۔ اس موقع پر مظہر جامڑو نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو بوسٹر مہم 8 اگست سے 18 اگست 2026ء تک جاری رہے گی اور ضلع کی 21 یونین کونسلز میں ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرحدی علاقوں سے منسلک ہائی رسک یونین کونسلز پر خصوصی توجہ دی جائے گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو پولیو بوسٹر ڈوز لگائی جا سکے اور پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو بوسٹر ڈوز 4 ماہ سے 10 سال تک کی عمر کے بچوں کو جیٹ انجیکٹر کے ذریعے لگائی جائے گی، جس سے بچوں کو درد بھی محسوس نہیں ہوگا۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ پر زور دیا کہ تمام بچوں کی ویکسینیشن یقینی بنائی جائے اور اسکولوں میں 10 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو بوسٹر ڈوز لگانے کے ساتھ ساتھ پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے جائیں رپورٹ علی خان شر شکارپور




