ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کانفرنس LEAP 2026 کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز ہوگیا، جس میں دنیا بھر سے ٹیکنالوجی ماہرین، سرمایہ کار، اسٹارٹ اپس اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں شریک ہیں۔
چار روزہ عالمی ایونٹ میں 1800 سے زائد ٹیکنالوجی برانڈز، 600 سے زائد اسٹارٹ اپس، 1900 سرمایہ کار اور 1000 سے زائد مقررین شرکت کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن شزا فاطمہ خواجہ نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور پاکستان پویلین کا افتتاح کیا، جہاں پاکستانی ٹیک کمپنیوں کی جدید مصنوعات، ڈیجیٹل خدمات اور آئی ٹی سلوشنز پیش کیے جارہے ہیں۔
لیپ 2026 میں 20 پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیاں اور تقریباً 25 پاکستانی اسٹارٹ اپس خصوصی پویلین کے ذریعے عالمی سرمایہ کاروں اور ٹیک کمپنیوں کے سامنے اپنی مصنوعات و خدمات متعارف کرا رہے ہیں۔
شزا فاطمہ خواجہ کے مطابق مجموعی طور پر 50 پاکستانی کمپنیاں ایونٹ میں شریک ہیں، جبکہ پاکستانی ٹیک کمپنیوں کی سعودی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں جاری ہیں اور انہیں سعودی عرب میں بڑے کاروباری منصوبوں کے مواقع مل رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی ٹیک ایونٹس پاکستانی کمپنیوں کو عالمی منڈی تک رسائی، سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داری کے نئے مواقع فراہم کررہے ہیں۔




