کراچی: شہر قائد کی نئی سندھی مسلم فوڈ واک شہریوں کے لیے تفریح کا مرکز بننے کے بجائے مختلف تنازعات کی زد میں آگئی۔ فوڈ واک پر صرف بیٹھنے کے لیے 600 روپے وصول کیے جانے کے دعوے نے شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین کو تشویش میں مبتلا کردیا۔
جیو ڈیجیٹل کی رپورٹ کے مطابق اگر کوئی شہری فوڈ واک پر کسی ریسٹورنٹ سے کھانے پینے کا آرڈر دیے بغیر صرف ٹیبل اور کرسی پر بیٹھنا چاہے تو اس سے 600 روپے طلب کیے جاسکتے ہیں۔
ایک ریسٹورنٹ کے عملے نے دعویٰ کیا کہ یہ رقم ٹیبل اور کرسیوں کے استعمال کے عوض وصول کی جاتی ہے اور اس کا تعلق کے ایم سی اور ٹی ایم سی کی جانب سے ریسٹورنٹس سے لیے جانے والے ماہانہ چارجز سے ہے۔
تاہم ٹی ایم سی چنیسر ٹاؤن نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ نہ تو ٹاؤن میونسپل کارپوریشن اور نہ ہی کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن ریسٹورنٹس سے فوڈ واک کی جگہ کے استعمال کے کوئی چارجز وصول کررہی ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی ریسٹورنٹ غیر مناسب چارجز وصول کررہا ہے تو تحریری درخواست یا تصویر کے ذریعے شکایت درج کرائی جائے تاکہ متعلقہ ریسٹورنٹ سے وضاحت طلب کی جاسکے۔
شہریوں کا سوال: کیا تفریح بھی اب مہنگی ہوگئی؟600 روپے سیٹنگ چارجز کے معاملے پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ایک صارف نے اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان سے بھی کرسیوں پر بیٹھنے کے لیے 600 روپے طلب کیے گئے۔
صارف نے سوال اٹھایا کہ کیا متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے خاندان، جو کھانے پینے پر اضافی اخراجات برداشت نہیں کرسکتے، اس فوڈ واک پر تفریح کے لیے نہیں آسکتے؟
تاجروں کے بھی تحفظات سامنے آگئےدوسری جانب ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جیو ڈیجیٹل کو بتایا کہ فوڈ واک کے حوالے سے تاجروں کے تحفظات صرف ٹیبل اور کرسیوں کے چارجز تک محدود نہیں بلکہ بل بورڈز اور تشہیری سرگرمیوں کے معاہدوں پر بھی اختلافات موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق فوڈ واک کے افتتاح کے بعد بعض ریسٹورنٹس کی فروخت میں کمی آئی ہے، جس کی ایک وجہ پارکنگ کا نظام بھی بتایا جارہا ہے۔
فوڈ واک کے باعث ٹریفک کا دباؤ، علاقہ مکین بھی پریشانفوڈ واک کے منصوبے پر علاقہ مکینوں نے بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ پی سی ایچ ایس کے رہائشی غلام حسن کے مطابق ایس ایم سی ایچ ایس کی فوڈ اسٹریٹ بند ہونے کے بعد ٹریفک کا دباؤ اطراف کی گلیوں میں منتقل ہوگیا ہے، جس سے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 40 سال سے اس علاقے میں رہائش پذیر ہیں اور فوڈ واک کی تعمیر کے دوران بھی مشکلات برداشت کرتے رہے، تاہم افتتاح کے بعد ٹریفک کی صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے۔
غلام حسن نے سکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے موبائل فون چوری ہونے کی اطلاعات کا بھی ذکر کیا اور خدشہ ظاہر کیا کہ بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے باعث علاقے میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
شہری سہولت یا نئے مسائل؟کراچی میں شہریوں کی تفریح اور آؤٹ ڈور ڈائننگ کے لیے بنائی گئی نئی فوڈ واک اب سیٹنگ چارجز، پارکنگ، ٹریفک، سکیورٹی اور تاجروں کے تحفظات کے باعث بحث کا موضوع بن گئی ہے۔
شہریوں کا بنیادی سوال یہ ہے کہ عوامی تفریح کے لیے بنائے گئے منصوبے میں عام شہریوں کے لیے بیٹھنے کی سہولت کس حد تک قابل رسائی ہے؟




