ٹوکیو: جاپان میں ہزاروں شہریوں نے مل کر 400 ٹن وزنی تاریخی قلعے کے ٹاور کو موٹی رسیوں کی مدد سے کھینچ کر منتقل کر دیا، جس کی ویڈیو اور تصاویر نے دنیا بھر میں لوگوں کی توجہ حاصل کرلی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ منفرد واقعہ جاپان کے شمالی صوبے اوموری کے شہر ہیروساکی میں پیش آیا، جہاں تاریخی ہیروساکی قلعے کے ٹاور کو شہریوں کی مدد سے اس کی سابقہ جگہ کی جانب منتقل کیا گیا۔
اس خصوصی تقریب میں قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کیے گئے تقریباً 4 ہزار افراد نے شرکت کی۔ شرکا کو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا، جبکہ ایک وقت میں تقریباً ایک ہزار افراد نے قلعے سے منسلک موٹی رسیوں کو مل کر کھینچا اور بھاری بھرکم ٹاور کو تقریباً ایک میٹر تک آگے بڑھایا۔
تاریخی قلعے کو 2015 میں پتھروں کی حفاظتی دیواروں کی مرمت کے لیے اصل مقام سے منتقل کیا گیا تھا۔ اب ثقافتی ورثے کے تحفظ کے منصوبے کے تحت اسے مرحلہ وار سابقہ پوزیشن کی جانب واپس منتقل کیا جا رہا ہے۔
ہیروساکی قلعہ جاپان کے اہم تاریخی مقامات میں شمار ہوتا ہے جبکہ اس کا موجودہ ٹاور ملک کے شمالی ترین موجودہ قلعہ ٹاور کی حیثیت بھی رکھتا ہے۔
تاریخی عمارت کو مشینری کے بجائے ہزاروں شہریوں کی اجتماعی کوشش سے کھینچنے کا یہ منفرد انداز جاپان میں ثقافتی ورثے کے تحفظ کی ایک دلچسپ مثال قرار دیا جا رہا ہے۔




