رانی پور: پی ایس 30 گمبٹ، سوبھوڈیرو کے ضمنی انتخاب میں رانی پور ٹاؤن کمیٹی کے 10 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج سامنے آگئے، جن کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار بیرسٹر اسفندیار کھرل نے واضح برتری حاصل کرلی۔

غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوار بیرسٹر اسفندیار کھرل نے 2 ہزار 7 ووٹ حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ آزاد امیدوار محمد موسیٰ بڑو 78 ووٹ لے کر دوسرے اور آزاد امیدوار تصور مہدی شاہ 67 ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

رانی پور ٹاؤن کمیٹی کے 10 پولنگ اسٹیشنز پر پیپلزپارٹی کے امیدوار کو واضح برتری حاصل رہی۔ پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیا گیا، جبکہ مختلف پولنگ اسٹیشنز سے موصول ہونے والے غیر حتمی نتائج میں بیرسٹر اسفندیار کھرل کی برتری برقرار رہی۔

ضمنی انتخاب کے دوران امن و امان کی صورتحال مجموعی طور پر برقرار رہی۔ پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات تھے۔

رانی پور شہر کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ووٹر ٹرن آؤٹ مجموعی طور پر کم رہا، جبکہ کئی پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی آمدورفت محدود اور معمول سے کم رش دیکھنے میں آیا۔

واضح رہے کہ پی ایس 30 گمبٹ، سوبھوڈیرو کے ضمنی انتخاب کے لیے 16 اگست کو پولنگ ہوئی، جس کے لیے حلقے میں مجموعی طور پر 164 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔

پی ایس 30 کی نشست سابق رکن سندھ اسمبلی نعیم احمد کھرل کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جس پر پاکستان پیپلزپارٹی نے بیرسٹر اسفندیار کھرل کو اپنا امیدوار نامزد کیا تھا۔

رپورٹ: آصف علی بلوچ، دی پوسٹ ڈیجیٹل، رانی پور