سکھر: ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل سکھر نے سابق ایس ایس پی سانگھڑ عابد علی بلوچ سمیت 3 افراد کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کی دفعات 3 اور 4 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
ایف آئی آر کے مطابق نامزد افراد میں سابق ایس ایس پی عابد علی بلوچ، ایس ایس پی آفس سانگھڑ کے جونیئر کلرک و اکاؤنٹنٹ غلام سرور جعفری اور پولیس کانسٹیبل ممتاز علی شامل ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پر مبینہ طور پر اسمگلنگ میں سہولت کاری، تحفظ فراہم کرنے اور جرائم سے حاصل ہونے والی رقم چھپانے اور استعمال کرنے کے الزامات ہیں۔
تفتیش کے دوران سانگھڑ میں 100 ایکڑ زرعی زمین کی خریداری کا بھی انکشاف ہوا، جس کی موجودہ مارکیٹ ویلیو تقریباً 8 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق مذکورہ زمین 8 جنوری 2026 کو پولیس کانسٹیبل ممتاز علی کے نام پر رجسٹرڈ ہوئی، جبکہ الزام ہے کہ زمین کی خریداری کے لیے رقم عابد علی بلوچ نے فراہم کی اور غلام سرور جعفری نے خریداری میں سہولت کاری کی۔
ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرنے کے بعد معاملے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔




