واشنگٹن: امریکی فورسز نے ایرانی جزیرے خارگ پر بمباری کی ہے، امریکی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران پاسداران انقلاب کے 2 میزائل لانچرز کو نشانہ بنایا گیا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ خارگ جزیرے پر موجود میزائل لانچ پوزیشنز کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب پاسداران انقلاب راکٹ حملے کی تیاری کر رہے تھے۔ حکام کے مطابق یہ ایران کے خلاف تقریباً 30 روز بعد امریکا کی پہلی فوجی کارروائی ہے۔

رائٹرز کے مطابق ایرانی جزیرے خارگ کے قریب دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ امریکی حملے میں دو ایرانی لانچرز کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔

خلیج میں واقع خارگ جزیرہ ایران کے لیے انتہائی اسٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے۔ یہ جزیرہ ایران کی تیل کی برآمدات اور خلیجی سمندری راستوں کے حوالے سے بھی اہم سمجھا جاتا ہے، جس کے باعث خطے میں کسی بھی فوجی کارروائی کے عالمی توانائی کی رسد پر اثرات مرتب ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔

دوسری جانب پاسداران انقلاب نے امریکی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خارگ جزیرے پر حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ امریکی کارروائی میں فوجی اہلکاروں کے ساتھ شہری بھی متاثر ہوئے ہیں اور حملہ آوروں کو سزا دی جائے گی۔

امریکی حملے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔