کراچی: نارتھ کراچی سیکٹر 10 میں نعمانیہ مسجد کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں وکیل سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے محمد شکیل ولد حاجی محمد مجید اور ہارون نامی شخص شدید زخمی ہوئے۔ دونوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم بعد ازاں اہلخانہ انہیں نجی اسپتال لے گئے جہاں دونوں دورانِ علاج دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق مقتول محمد شکیل ایڈووکیٹ ہائی کورٹ سندھ اور سندھ بار کونسل کے رکن تھے، جبکہ دوسرے مقتول ہارون کا تعلق پراپرٹی کے کاروبار سے بتایا گیا ہے۔
فائرنگ کی اطلاع پر پولیس اور کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کی روشنی میں دونوں افراد کو ٹارگٹ کرکے قتل کیے جانے کا شبہ ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر تکنیکی شواہد حاصل کیے جا رہے ہیں۔
پولیس نے فائرنگ کے محرکات اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ عینی شاہدین سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں




