اسلام آباد: وفاقی حکومت کے ابتدائی 28 ماہ کے دوران مجموعی قرضوں میں 18 ہزار 832 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد وفاقی حکومت کا مجموعی قرضہ جون 2026 تک 83 ہزار 642 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی دستاویزات کے مطابق مارچ 2024 سے جون 2026 کے دوران وفاقی حکومت کے مقامی قرضے میں 16 ہزار 766 ارب روپے جبکہ بیرونی قرضے میں 2 ہزار 66 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

دستاویزات کے مطابق مذکورہ 28 ماہ کے دوران وفاقی حکومت کے قرضوں میں اوسطاً روزانہ 22 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق نگران حکومت کے آخری ماہ فروری 2024 تک وفاقی حکومت کا مجموعی قرضہ 64 ہزار 810 ارب روپے تھا، جو 28 ماہ کے دوران اضافے کے بعد جون 2026 تک بڑھ کر 83 ہزار 642 ارب روپے ہوگیا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق فروری 2024 تک مرکزی حکومت کا مقامی قرضہ 42 ہزار 675 ارب روپے تھا، جو جون 2026 تک بڑھ کر 59 ہزار 441 ارب روپے ہوگیا۔

اسی طرح فروری 2024 تک وفاقی حکومت کا بیرونی قرضہ 22 ہزار 134 ارب روپے تھا، جو جون 2026 تک بڑھ کر 24 ہزار 201 ارب روپے ہوگیا۔

اعداد و شمار کے مطابق مجموعی قرضوں میں اضافے میں مقامی قرضے کا حصہ بیرونی قرضے کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ رہا۔