اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد وفاقی دارالحکومت پر دھاوا نہیں بولا جاسکتا اور عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کی صورت میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 14 ستمبر کے فیصلے میں صوبائی سرکاری وسائل کو احتجاج کے لیے استعمال نہ کرنے اور شہریوں کی آمدورفت سمیت آئینی حقوق کے تحفظ کی ہدایات دی تھیں۔
پریس کانفرنس میں محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کو ہدایت کردی گئی ہے کہ اسلام آباد کی جانب آنے والے مظاہرین کو ہر ممکن طریقے سے روکا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا ہے تو اپنے علاقے اور شہر میں کیا جائے، سیاسی جلسے جلوس اور ان کے بقول ’’جتھوں کی یلغار‘‘ میں فرق ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر احتجاج کے دوران کوئی جان گئی تو ذمہ داری ان لوگوں پر ہوگی جو لوگوں کو جمع کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں سے کہا کہ محاذ آرائی سے گریز کریں، حکومت ماضی کی طرح بدامنی پھیلنے نہیں دے گی۔




