تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران پر پابندیوں کی نگرانی سے متعلق امریکی حمایت یافتہ قرارداد کو چین اور روس کی جانب سے ویٹو کیے جانے کا خیرمقدم کیا ہے۔

قالیباف نے کہا کہ چین اور روس کے اقدام نے سلامتی کونسل کے سیاسی استعمال کو مسترد کیا اور قانون کی حکمرانی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ان کے مطابق طاقت اور دباؤ کے ذریعے دوسرے ممالک سے رعایتیں حاصل کرنے والے یک قطبی نظام کا دور ختم ہوچکا ہے۔

امریکی حمایت یافتہ قرارداد کے حق میں سلامتی کونسل کے 11 ارکان نے ووٹ دیا جبکہ چین اور روس نے مخالفت کرتے ہوئے اسے ویٹو کردیا، پاکستان اور صومالیہ نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ قرارداد کا مقصد ایران پر عائد پابندیوں کی نگرانی کرنے والے اقوام متحدہ کے ماہرین کے پینل کے مینڈیٹ میں توسیع کرنا تھا۔