راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ پوری طرح کھڑا ہے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں سعودی عرب کے دفاع کیلئے کسی بھی حد تک جائے گا۔
عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے موجود ہے اور سعودی سکیورٹی کیلئے ہمارا عزم غیرمشروط ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام، افواج اور سیاسی قیادت کے درمیان تاریخی اور مضبوط تعلق قائم ہے۔
مکہ معاہدے سے متعلق انہوں نے کہا کہ دفاعی وعدوں پر عمل درآمد کا طریقہ کار عوامی سطح پر ظاہر نہیں کیا جاتا۔ کسی حملے کی صورت میں ردعمل اور لائحہ عمل متعلقہ ممالک باہمی طور پر طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور اس کا مقصد خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنا ہے۔




